لاہور ( آن لائن )حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پانچ منٹ سے زائد کی فون کال پر 75 پیسے ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیاہے جسے ٹیلی کام انڈسٹری کی جانب سے ناقابل عمل قرار دے دیا گیاہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری کے حکام کا مو¿قف ہے کہ یہ ٹیکس صارفین کو 5 منٹ سے پہلے کال کاٹ کر دوبارہ ملانے کی جانب راغب کر سکتا ہے، یوں صارفین ٹیکس کی ادائیگی سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔ٹیلی کام انڈسٹری سے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بنڈل آفر کی سہولت والے 98 فیصد پری پیڈ صارفین کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے، اضافی ٹیکس ٹیلی کام آپریٹرز اور عوام کے لیے پیچیدگی اور تکلیف کا باعث بھی بنے گا۔
پہلے ہی 100 روپے کا بیلنس ڈلوانے پر تقریبا 12 روپے ٹیکس ادا کرکے 88 روپے ملتے ہیں جس پر ملک کے تقریبا 18 کروڑ 30 لاکھ صارفین کی اکثریت اس بات کا شکوہ کرتی رہی ہے۔مجموعی صارفین کا وہ حصہ جن کے پاس اسمارٹ فونز نہیں ہیں جو اپنے موبائل فون سے وائس کالز کرتے ہیں، ان کے شکوے گلے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور ہونے کے بعد اور بڑھ جائیں گے۔